لاہور(سلیمان چودھری )وزیر اعلی ٰپنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹیچنگ ہسپتالوں میں پرائیویٹ رومز کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے لیا ،وزیر اعلی ٰپنجاب نے انتظامیہ سے پرائیویٹ رومز کی موجودہ ابترصورتحال کے تصاویری ثبوتوں کے ساتھ رپورٹیں طلب کر لی ہیں ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کے ایم ایس کو دو دن میں رپورٹیں وزیر اعلی ٰسیکرٹریٹ جمع کرانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خود متعدد بار ہسپتالوں کے دورے کر چکے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے سرکاری ہسپتالوں پرائیویٹ رومز کی حالت زار کو ابتر قرار دیتے ہوئے سخت برہمی کااظہار کیا ہے ۔وزیراعلی ٰسیکرٹریٹ کی جانب سے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کے ایم ایس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ابتر صورتحال کو ایک ہفتے میں بہتر کیا جائے اور ان کی مرمت جلد از جلد مکمل کی جائے ، پرائیویٹ رومز میں ائیر کنڈیشنر ، ٹیلی ویژن اورواش رومز کی حالت کو بہتر کیا جائے ۔