لاہور(سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن کی پارلیمانی کور کمیٹی کااجلاس ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے ناراض ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی۔کمیٹی میں رانا محمد اقبال، اقبال گجر، وارث کلو، عطااﷲ تارڑ، سمیع اﷲ خان،عظمی بخاری، عمران نذیر، مجتبی شجاع الرحمن اور تنویر اسلم بھی شامل تھے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے ارکان اسمبلی میاں جلیل احمد، مولانا غیاث الدین،نشاط احمد ڈاہا بھی آئے ۔مولاناغیاث الدین نے اجلاس میں موقف اختیار کیا کہ میرے حلقے میں پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ہمارے لئے مشکلات پیدا کررہے تھے جس کے ازالے کیلئے وزیر اعظم سے ملاقات کی،ناراض ارکا ن اسمبلی نے کہا حلقے کی عوام کے مسائل کے حل کے لئے جہاں بھی جانا پڑا جائیں گے ۔مولانا غیاث الدین نے کہا وزیر اعظم کا سلوک ہمارے ساتھ بہت اچھا تھا ۔مجتبیٰ شجاع الرحمن اورعظمی بخاری نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ناراض ارکان نے ناراضی دور کردی، وضاحت سے مطمئن ہیں۔