دبئی(نیٹ نیوز) میئرکراچی وسیم اختر نے دبئی میں سابق صدر پرویز مشرف اور سابق گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقاتیں کی ہیں جس کے دوران کراچی کی صورتحال پر بات چیت کی ہے ۔وسیم اختر نے کراچی سمیت پورے صوبے کے حالات اور صورتحال سے پرویز مشرف کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کراچی کو تباہ کردیا گیا ، کراچی کو کوئی اپنی ذمہ داری سمجھنے والا نہیں، شہر کو لاوارث کر دیا گیا ۔سابق صدر پرویز مشرف نے کراچی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا میرے دور میں جو محکمے بلدیہ کے پاس تھے ، وہ واپس کئے جائیں، کراچی کو بہتر بنانے کیلئے میئر کو اختیارات دینا ہوں گے ۔سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات کے دوران وسیم اختر نے کہا بلدیاتی اختیارات کی فراہمی کے بغیر ترقی ممکن نہیں، عارضی حل کے بجائے مستقل بنیادوں پر حل تلاش کرنا ہوگا۔عشرت العباد نے مسائل کے حل کیلئے میئر کراچی کو اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی اور حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا وفاق کراچی کے منصوبوں کی جلد تکمیل اور فنڈز کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔عشرت العباد نے وسیم اختر کو بھی مشورہ دیتے ہوئے کہا میئر کراچی صوبائی حکومت اور وفاق کے ساتھ کوآرڈینیشن کو بڑھائیں۔