اسلام آباد(وقائع نگار)وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک بجلی صارفین کیلئے بجٹ میں 206 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے ، 300 یونٹ سے کم کے زرعی صارفین کو خصوصی سبسڈی دی جا رہی ہے ۔گزشتہ روزوفاقی وزیرعمرایوب نے یہاں اسلام آبادمیں وفاقی سیکرٹری توانائی عرفان علی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ رواں موسم سرما میں نومبر سے فروری تک بجلی بلوں میں اضافی یونٹس کے استعمال پر 11.97 روپے فی یونٹ رعایتی پیکیج دیا جائے گا جس سے زرعی ٹیوب ویل، گھریلو، کاروباری اور صنعتی صارفین مستفید ہوں گے ۔22فیصدصنعتی صارفین بھی مستفیدہونگے ۔ سیکرٹری توانائی عرفان علی نے کہا کہ 300 یونٹ پر نارمل ریٹ ہو گا اور اس سے سلیب بڑھے گی تو 11.97 فی یونٹ کا ریٹ لاگو ہو گا جو کہ موسم سرما میں بجلی کا مصرف بڑھنے کے اعتبار سے ایک رعایتی نرخ ہے ۔ اضافی یونٹ پر فلیٹ ریٹ 24 گھنٹے کے لئے لاگو ہو گا اور صنعتی یونٹ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے چار شفٹوں میں کام کر سکیں گے ۔