لاہور(سپورٹس رپورٹر) سنٹرل پنجاب اور ناردرن کے مابین نیشنل انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ کا فائنل آج کھیلا جائے گا۔گزشتہ سال کی جوائنٹ ونر سنٹرل پنجاب کی ٹیم پی سی بی انڈر 16 نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں ناردرن کے مدمقابل آئے گی۔ 45 اوورز پر مشتمل ایونٹ کا فائنل 23 فروری بروز منگل کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔گزشتہ سال سنٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مابین ایونٹ کا فائنل بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔ دونوں ٹیموں کو ایونٹ کا جوائنٹ ونر قرار دیا گیا۔ کے پی کی ٹیم رواں سال 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔فائنل کی فاتح چیمپئن قرار پانے والی ٹیم کوٹرافی کے ساتھ ساتھ 350،000 روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔رنرزاپ کو اڑھائی لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی۔کپتان سنٹرل پنجاب انڈر 16 اذان اویس نے کہا ہے کہ وہ اور عبید شاہد اچھی بیٹنگ فارم میں ہیں ، اگر پہلے بیٹنگ کا موقع ملا تو سکور بورڈپر بڑا مجموعہ سجانے کی کوشش کریں گے ۔ناردرن کے شمائل حسین اب تک ایونٹ کے پانچ میچوں میں 256 رنز بناکر بناچکے ہیں ۔ناردرن کے عامر حسن 12 اور کپتان سعد مسعود اب تک ٹورنامنٹ میں 10 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں ۔کپتان سعد مسعود کا کہنا ہے کہ ہماری باؤلنگ لائن اپ مضبوط ہیں، وہ اور عامر حسن فائنل میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے ۔