لاہور(احتشام الحق) دورہ انگلینڈ پر گئی ہو ئی قومی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لئے ووسٹر میں دو روزہ ٹارگٹ میچ کھیلا جس کے دوسرے روز ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو مختلف ٹارگٹ دے کر میچ کھلایا۔ دوسرے گروپ میں انگلیند جانے والے وکٹ کیپر محمد رضوان نے کیپنگ کے بعد بیٹنگ بھی کی تاہم ان کے ساتھ جانے والے دیگر پانچ کھلاڑی میچ کا حصہ نہیں بنے اور انہوں نے اپنی انفرادی ٹریننگ کی۔ تٖفصیلات کے مطابق اس ٹارگٹ میچ میں کھلاڑیوں کو دو دو گھنٹے تک بیٹنگ کرائی گئی جس میں ٹیسٹ کھیلنے والے متوقع کھلاڑیوں کو دو روز تک بیٹنگ پریکٹس کرائی گئی۔ دوسرے روز تھوڑی دیر تک وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد اور فواد عالم نے بیٹنگ کی جس کے بعد لنچ سے پہلے پورا سیشن کپتان اظہر علی اور امام الحق نے بیٹنگ کی۔ جنہیں پچ پر رک کرکھیلنے کا ٹارگٹ دیا گیا تھا۔ ان کے بعد وکٹ کیپر محمد رضوان اورافتخار احمد نے بیٹنگ کی جبکہ ٹی کے وقفہ کے بعد لیگ سپنر یاسر شاہ اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کو بیٹنگ کرائی گئی۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے باؤلرز میں پانچ سے زیادہ باؤلر استعمال کیا جن میں فاسٹ باؤلر سہیل خان، موسی خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، یاسر شاہ، ظفر گوہرشامل ہیں۔ ان باؤلروں نے نوے اوورز تک باؤلنگ کی۔ ابتدائی وز کپتان اظہر علی فیلڈنگ کنٹرول کر رہے تھے جبہ دوسرے روز نائب کپتان بابر اعظم فیڈ مین کپتان تھے جبکہ اظہر علی نے بیٹنگ کی۔ انگلینڈ میں جانے والے سکواڈ کے دوسرے گروپ میں شامل محمد رضوان نے میچ میں کیپنگ اور باؤلنگ کی جبکہ ان کے ساتھ جانے والے پانچ کھلاڑی محمد حفیظ، فخر زمان، لیگ سپنر شاداب خان، فاسٹ باؤلر وہاب ریاض اور محمد حسنین میچ کا حصہ نہیں بنے اور انہوں نے کوچز کی نگرانی میں انفرادی ٹریننگ کی۔ یہ تمام کھلاڑی دوسرے میچ میں حصہ لیں گے اور ہید کوچ کے مطابق اگلے میچ میں دو ٹیمیں بنا کر باقاعدہ میچ کھیلا جائے گا۔