کراکس (این این آئی)وینزویلا کے وزیردفاع نے اعلان کیا ہے کہ فوج تیل لے کر آنے والے ایرانی تیل بردار بحری جہازوں کو امریکہ کی طرف سے روک جانے کے خدشے کے پیش نظر ان کی حفاظت کرے گی،5تیل بردار جہاز گہرے سمندروں میں موجود، چند دنوں میں وینزویلا پہنچ جائینگے ۔ایران کے پانچ تیل بردار جہاز اس وقت گہرے سمندروں میں ہیں اور آئندہ چند دنوں میں وہ وینزویلا پہنچ جائیں گے ۔ وینزویلا کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ان ٹینکروں کے وینزویلا کی سمندری حدود میں پہنچنے پر ان کا استقبال کیا جائے گا۔ وینزویلا کی سمندری حدود اس کے ساحلوں سے 370 کلو میٹر دور تک پھیلی ہوئی ہیں۔امریکہ نے وینزویلا اور ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور اطلاعات کے مطابق وہ ان جہازوں کو روکنے کے بارے میں غور کر رہا ہے ۔امریکہ کے حمایت یافتہ وینزویلا کے حزب اختلاف کے رہنما ڑان گائیڈو نے کہا ہے کہ کے تیل درآمد کرنے سے پتا چلتا ہے کہ صدر نکولس مادورو کی حکومت کے دور میں وینزویلا کی تیل کی صنعت میں کس قدر صورت حال خراب ہو گئی ہے ۔وینزویلا کے تیل کے ذخائر دنیا میں سب سے بڑے ہیں لیکن گزشتہ دو دہائیوں کی اقتصادی بد حالی سے تیل کی پیداوار بہت کم ہو گئی ہے ۔