لاہور( حافظ فیض احمد) عید کی چھٹیوں میں ریلوے کا سسٹم فلاپ ہو کر رہ گیا، مسافروں کی عید پلیٹ فارموں اور ٹرینوں میں ہی گزر گئی ،عید کے روز لاہور سے کراچی کے لئے جانے والی ٹرینیں شاہ حسین، بزنس ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس اور کراچی ایکسپریس کی روانگی منسوخ کر دی گئی ،سٹیشن پر آئے مسافر سراپا احتجاج بن گئے ۔کچھ نے اپنی ٹکٹیں ریفنڈ کرا لیں ،تاہم مسافروں کو قراقرم ایکسپریس اور دیگر ٹرینوں میں روانہ کیا گیا،ادھر ٹرینوں کو ماتحت عملے کے حوالے کر کے ریلوے افسران عید منانے چلے گئے ، مسافرشدید گرمی میں ٹرینوں کے انتظار میں گھنٹوں پلیٹ فارم پرخوار ہوتے رہے ، کراچی سے لاہور آنے والی تمام میل ایکسپریس ٹرینیں گھنٹوں تاخیر سے پہنچیں ، عید کے روزکراچی سے لاہور پہنچنے والی کراچی ایکسپریس صبح11بجکر30 منٹ کی بجائے اگلی صبح7بجکر45منٹ پر20گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچی ، مسافروں نے لاہور پہنچتے ہی ریلوے انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ، کراچی سے لاہور آنے والی بزنس ایکسپریس عید کے روز صبح9بجکر30منٹ پر آنے کی بجائے اگلے روز رات1بجکر45منٹ پر16گھنٹے ، علامہ اقبال ایکسپریس سوا8گھنٹے ، شاہ حسین ایکسپریس دوپہر1بجے کی بجائے اگلے روز 17گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچی،ٹرو کو لاہور سے کراچی جانے والی جناح ایکسپریس کی روانگی منسوخ کر دی گئی اور مسافروں کو گرین لائن میں ایڈ جسٹ کیا گیا جبکہ قراقرم ایکسپریس کو اگلے روز12گھنٹے کی تاخیر سے روانہ کیا گیا اور سہ پہر4بجے آنے والے مسافروں کو کراچی ایکسپریس اور شاہ حسین ٹرین میں روانہ کیا گیا ، ٹرینیں کچھوے کی رفتار سے چلتی رہیں اور مسافر ریلوے حکام کو ستے رہے ۔