فیصل آباد( اے پی پی ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے سات ہزار ممبروں کا تعلق مختلف شعبوں سے ہے جن کو مجموعی طور پر سو ٹریڈز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ ان کے مخصوص مسائل کو جامع حکمت عملی کا حصہ بنایا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے صدر ضیاء علمدار حسین نے چیمبر کی قائمہ کمیٹی برائے لائزن ود ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کا شمار ملک کے تین بڑے اور اہم چیمبروں میں ہوتا ہے جو ملکی معیشت کے استحکام کے ساتھ ساتھ اپنے ممبروں کے مسائل کے حل کیلئے بھی کوشاں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پالیسی سازی میں فیصل آباد چیمبر نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ اس وقت نافذ العمل ٹیکسٹائل پالیسی بھی فیصل آباد چیمبر کی تیار کر دہ ہے جبکہ ہر سال بجٹ کی تیاری کیلئے بھی سفارشات دینے کا سلسلہ جاری ہے ۔ آخر میں چوہدری طلعت محمود نے ممبروں کا شکریہ ادا کیا جبکہ اس تقریب میں رانا اکرام اﷲ، مرزا محمد افضل مغل، ثناء اﷲ خاں نیازی اور ملک اسامہ سعید اعوان نے بھی شرکت کی۔