لاہور( این این آئی) لاہور چیمبر کے قائمقام صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے حکومت پر زور دیا ہے کہ پالیسیوں میں ترامیم کے ذریعے تاجر برادری کے تحفظات دور کرے تاکہ ملک کی معاشی حالت بہترہوسکے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کے پیچیدہ اور ناقابل قبول نظام، زیادہ پیداواری لاگت، غیرموافق کاروباری ماحول اور دیگر بہت سے مسائل کی وجہ سے معیشت سکڑ رہی ہے ، انڈسٹری اور تجارت بند ہورہی ہے ، حکومت کو ایسی پالیسیاں وضع اور موجودہ پالیسیوں میں ترامیم کرے جو کاروبار دوست ماحول پیدا کریں اور صنعت و تجارت کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک نے پسماندگی سے نکل کر معاشی استحکام حاصل کیا، پاکستان میں بھی معاشی لیڈر بننے کے لیے تمام وسائل موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کچھ اہم معاملات پر توجہ دے تو معاشی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سولہ سو آئٹمز پر ڈیوٹی زیرو کی لیکن دوسری طرف تین ہزار آئٹمز پر ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی عائد کردی۔