اسلام آباد(وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے پاکستان اپنی سمارٹ کرکٹ بال تیارکرے گا۔ایک بیان میں انہوں نے کہاہم مل کراس مقصد میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں، کوکا بورا کی سمارٹ بال کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کئے جانے پر انہوں نے لکھا سیالکوٹ والو آؤ یہ کام کردکھائیں، میرے خیال میں اس گیند کی تیاری میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے ،۔یاد رہے سمارٹ کرکٹ بال میں ایک چپ نصب کی گئی ہے جس کی مدد سے گیند کوپھینکتے اورباؤنس کے بعد کی رفتارکا درست اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہاوزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے کیلنڈر کے مطابق عیدالاضحیٰ 31 جولائی 2020 بروز جمعہ کو ہوگی۔ فواد چوہدری نے کہا جلدہی ہماری 4کمپنیاں وینٹی لیٹرزبنا رہی ہوں گی، عراق اور کرغیزستان بھی ہمارے وینٹی لیٹرزمیں دلچسپی رکھتے ہیں،این ٹی آرسی کی موجودہ وینٹی لیٹرزبنانے کی صلاحیت 250یونٹ ہے ، چاروں کمپنیاں کام شروع کریں گی تو صلاحیت700 یونٹ تک ہوجائے گی،زرعی ڈرون سے زراعت میں انقلاب آئے گا اور اب پوری فصل کے بجائے صرف متاثرہ جگہ پر ہی سپرے ہوسکے گا، کاشتکار کو زرعی ڈرون خریدنے کی ضرورت نہیں ہوگی، ایک کمپنی آن لائن ٹیکسی ماڈل پرکام کرے گی، ڈرون16کلو تک کاوزن اٹھا سکتے اور اس کی مدد سے 6 گھنٹے کا سپرے 5 منٹ میں کیاجاسکتاہے ، یہ 15سے 18منٹ تک اڑسکتا ہے ۔