لاہور(کلچرل رپورٹر)بر صغیر میں پاپ میوزک کی بنیاد رکھنے والی کوئین آف پاپ پاکستانی گلوکارہ نازیہ حسن کی 18ویں برسی 13اگست کو منائی جائے گی۔نازیہ حسین 3اپریل 1965کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔نازیہ حسین نے پندرہ سال کی عمر میں ہندوستانی فلم ’’قربانی‘‘کے لیے ’’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے ‘‘گانا گایا تھا جس کے بعد وہ کامیابی کی ایک کے بعد ایک سیڑھی طے کرتی گئیں۔نازیہ نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن کے مشہور پروگرام ’’سنگ سنگ چلیں‘‘سے کیا جس میں ان کے بھائی زوہیب حسن بھی ان کے ساتھ شرکت کرتے تھے ، دونوں نے گلوکاری کے ساتھ ساتھ اعلی تعلیم بھی حاصل کی۔عالمی سطح پر نازیہ حسن کو اس وقت شہرت ملی جب انہوں نے ہندوستانی موسیقار بدو کی موسیقی میں فلم قربانی کا مشہور نغمہ ’’آپ جیسا کوئی میری زندگی‘‘میں آئے ریکارڈ کروایا، اس نغمے نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے اور اس پر انہیں ہندوستان کا مشہور فلم فیئر ایوارڈ بھی ملا۔ وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی شخصیت تھیں۔نازیہ حسن کینسرجیسے موذی مرض میں مبتلا ہوئیں اور بالآخر 13اگست 2000میں ایک بیٹے اور لاکھوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر دنیا فانی سے رخصت ہوگئیں۔