کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے آغاز سے قبل کراچی کی معروف شاہراہیں سجنے لگیں، غیر ملکی کھلاڑیوں کی ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔پی ایس ایل کے آغاز کا وقت جیسے جیسے قریب آرہا ہے ویسے ویسے عوام میں جوش بڑھتا جارہا ہے ، شہر قائد میں میٹروپول کے راؤنڈ اباؤٹ کو کھلاڑیوں کے کٹ آؤٹ سے سجا دیا گیا ہے ۔شہر میں جیت کی جنگ کے نام سے بڑے بڑے پوسٹر آویزاں کر دیئے گئے ہیں، کرکٹ بیٹ کا کٹ آوٹ بھی بڑی خوبصورتی سے بنایا گیا ہے جبکہ ٹیموں کی آمدورفت والے راستے بھی تیزی سے سجائے جارہے ہیں۔دوسری جانب ایونٹ میں شرکت کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ بھی پوری رفتار سے جاری ہے ، پشاورزلمی کے ڈیرن سیمی کی آمد کے بعد لیام ڈاؤسن بھی آگئے ہیں، جبکہ کراچی کنگز کے کیمرون ڈیلپورٹ اور مچل مک کلینیگن کے علاوہ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ بوئیٹا بھی کراچی پہنچ چکے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اہم کھلاڑی آسٹریلوی کرکٹر بین کٹنگ اور ٹیمال ملز بھی کراچی پہنچنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔