نئی دہلی(نیٹ نیوز)پاکستانی جاسوس نے 2015 سے 2018 کے دوران بھارتی فوج اور حساس اداروں کے درجنوں کمپیوٹرز ہیک کرلئے تھے ۔بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے سیجل کپور کے نام سے پاکستانی ہیکر کے بارے میں رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ایک پاکستانی جاسوس نے درجنوں بھارتی فوجی افسروں کو چار سال بے وقوف بنایا۔نامعلوم پاکستانی آئی ٹی ماہر نے سیجل کپور کے نام سے فیس بک پر اکاؤنٹ بنایا اور بھارتی فوجی افسروں سے دوستیاں کیں۔ پھر اپنے فیس بک اکاؤنٹ سے بھارتی افسروں کے کمپیوٹرز کا شکار کیا۔ پاکستانی ہیکر نے سیجل کپور کے نام سے تصاویر اور ویڈیوز بھارتی فوجی افسروں کو بھیجیں جن کے ذریعے اس نے انکے کمپیوٹرز میں وائرس اور مال ویئرز داخل کرکے ان سسٹمز میں موجود حساس معلومات چرالیں جن میں بھارت کے اہم ترین میزائل براہموس کی انتہائی خفیہ معلومات بھی شامل تھیں، جنہیں لیک کرنے کے جرم میں بھارتی فوج نے گزشتہ سال اپنے انجینئر نشانت اگروال کو گرفتار کرلیا تھا۔ہیکر نے اس کام کیلئے دو سوفٹ ویئرز وہسپر اور گریوٹی ریٹ کو استعمال کیا اور پاکستان کے بجائے کسی اور ملک کے سرورز کے ذریعے یہ کام سرانجام دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وہ نامعلوم جاسوس 4 سال تک کامیابی سے جاسوسی کی کارروائیاں کرتا رہا اور اس نے دفاعی افواج اور تنظیموں کے 98 افسروں کو نشانہ بنایا جن میں بھارتی فوج، فضائیہ، بحریہ، نیم فوجی فورسز اور پولیس کے افسر شامل ہیں۔انجینئر نشانت اگروال کی گرفتاری کے بعد جب تحقیقات کی گئیں تو سیجل کپور کے نام سے کام کرنیوالے اس جاسوس کا انکشاف ہوا۔ تاہم وہ انکی گرفت سے بہت دور کہیں موجود تھا اور بھارتی حکام سوائے سر پیٹنے کے کچھ نہ کرسکے ۔