اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی ادارہ شماریات نے لیبرفورس سروے رپورٹ 2017-2018 جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بیروزگار افراد کی تعداد میں ایک لاکھ 70 ہزار کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ملک میں بیروزگار افراد کی تعداد بڑھ کر 37 لاکھ 90 ہزار ہوگئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 23 لاکھ 90 ہزار ،سندھ میں 7 لاکھ 50 ہزار، خیبرپختونخوا میں 5 لاکھ 50 ہزار اور بلوچستان میں ایک لاکھ 10 ہزار افراد بے روزگار ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں 2015 میں بیروزگار افراد کی تعداد 36 لاکھ 20 ہزار تھی، 2015کے مقابلے میں بیروزگاری کی شرح میں معمولی کمی ہوئی ، رپورٹ کے مطابق ملک میں شادی شدہ افراد اور بیواؤں خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ، شادی شدہ افراد کی تعداد 52.6 سے بڑھ کر 53.5 فیصد ہوگئی،، اس کے علاوہ کبھی شادی نہ کرنے والے افراد کی تعداد 42.3 فیصد ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں شرح خواندگی کی شرح 60.7 فیصد سے بڑھ کر 62.3 فیصد ہوگئی ہے جب کہ ناخواندہ افراد کی شرح کم ہوکر37.9 فیصد رہ گئی ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں 36.9 فیصد لوگ میٹرک سے کم تعلیم رکھتے ہیں اور صرف 6 فیصد لوگوں کے پاس ڈگری یا اس سے اوپر کی تعلیم ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں لیبرفورس کی تعداد 6 کروڑ55 لاکھ ہے جو 2015 میں 6 کروڑ 10 لاکھ تھی، 6 کروڑ 17 لاکھ افراد کے پاس روزگارہے ، پنجاب میں سب سے زیادہ 3 کروڑ 76 لاکھ افراد کے پاس روزگار ہے جب کہ سندھ میں ایک کروڑ 44 لاکھ، خیبرپختونخوا میں 71 لاکھ اور بلوچستان میں 25 لاکھ لوگوں کے پاس روزگار ہے ۔