لاہور(خصوصی نمائندہ)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ ہر کوئی یاد رکھے کہ پاکستان کا مفاد سب سے پہلے ہے اور پاکستان دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہر شخص اپنے منطقی انجام کو ضرور پہنچے گا۔ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف ہر محب وطن شہری کو تحفظات تھے ،ملکی ترقی کیلئے نئی ترجیحات کے تعین کا وقت آ گیا ہے ،وزیر اعظم کا تحقیقاتی کمیشن دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دے گا، سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب اْن کے درد دل کا عکاس ہے ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کے خطاب نے ساری قوم کے دل جیت لیے ہیں اورماضی کی طرح اب بھی عوا م اپنے کپتان کا بھرپور ساتھ دیں گے ، انہوں نے کہا کہ ملک لوٹنے والوں کے اثاثے اور بیٹے باہر موجود ہیں،احتساب کے عمل کو آگے چلانا پی ٹی آئی کی اولین پالیسی ہے ۔