اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)پاکستان نے کل 15اگست کو بھارت کایوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے دنیا بھر میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کی کال دے دی۔گزشتہ روزوزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے نام ویڈیوپیغام میں کہا کہ پاکستانی15اگست کواندرون وبیرون ملک بیک وقت یوم سیاہ منارہے ہیں ۔بیرون ملک پاکستانی اس کال پرکشمیریوں کی آواز بنیں اور جس ملک میں بھی ہوں بھارتی ہائی کمیشن پہنچیں ، کسی بھی ملک یامذہب سے تعلق ہو یوم سیاہ کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔انہوں نے کہاکہ میں خود بھی سینٹرل لندن میں کشمیریوں کے حق میں احتجاج میں شرکت کروں گا۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ 2019 کے ہٹلر مودی کو روکنے کے لئے سب کو ساتھ دینا ہوگا، اب کشمیریوں کی آواز کو کسی صورت دبنے نہیں دیں گے ۔یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدام کے بعد حکومت نے 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر اور 15 اگست کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا تھا ، نوٹیفکیشن کے مطابق 15 اگست کو یوم سیاہ کے باعث پورے ملک میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔