اسلام آباد (اے پی پی) بین الاقوامی مالیاتی ادارے نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ایکسٹینڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت شرح مبادلہ کا کوئی ہدف مقرر نہیں کیا گیا۔ جمعرات کو آئی ایم ایف نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں واضح کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ای ایف ایف پروگرام کے تحت شرح مبادلہ پر کسی قسم کا کوئی اتفاق نہیں کیا گیا۔ آئی ایم ایف کے مطابق شرح مبادلہ کا تعین مارکیٹ کرتی ہے ۔ پاکستان کے حوالے سے عالمی ادارے کی حال ہی میں شائع ہونے والی رپورٹ میں شرح مبادلہ کا تعین پیش گوئی پر نہیں بلکہ مفروضوں پر مبنی ہے ۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مارکیٹ کے تعین سے لچک دار شرح مبادلہ سے مسابقت، زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کے اضافہ اور عالمی ادائیگیوں کے باعث قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ سے تحفظ میں مدد ملے گی۔