لاہور،اسلام آباد(خصوصی نمائندہ،سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ منصوبہ کو فاسٹ ٹریک پر چلانے کے باعث اس میں کئی غیر قانونی کام ہوئے ،اسکا پی سی ون بنا نہ منظوری ایکنک سے لی گئی، کام ہورہا ہے اورجون میں 475بستروں کا ہسپتال مکمل ہوجائیگااورہم اس کو کامیابی سے چلائیں گے ۔گزشتہ روز پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے دورہ کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اس پراجیکٹ کیلئے حکومت نے فنڈز مہیا کردیئے ،پہلے ٹرسٹ کا ایشو تھا اورمسائل تھے ،پنجاب حکومت نے اربوں روپے تو دیئے لیکن اسکا کردار محدود رکھا گیا تھا،اب ہم ایکٹ لارہے ہیں۔حکومت اس ادارے کو چلائے گی کیونکہ اس پر سرکار کا پیسہ لگا ہوا ہے ،سپریم کورٹ میں بھی کیس زیر سماعت ہے ۔پنجاب میں ہیلتھ کارڈ جلد جاری ہورہے ہیں اورشعبہ صحت کو بہتر سے بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے ، میں پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے دورے کرونگا،ہیلتھ کیئر کے سسٹم کو درست کرینگے ۔ مختلف سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تھوڑا سا انتظار کریں بجلی گیس سب کچھ آجائیگااورمعاملات ٹھیک ہوجائینگے ،نوکریاں نہ ملنے کا ایشو نہیں ،صحت کے محکموں میں 9ہزار 2سو ڈاکٹروں کو بھرتی کیا گیا جبکہ مزید بھرتیاں بھی ہورہی ہیں۔ وزرا کی کارکردگی کا پہلے جائزہ لینا ہے اوراسکے بعد ہی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ آفس سے تین مراسلے جاری کئے گئے ہیں جس میں واضح طورپرہدایات دی گئی ہیں کہ میرا بھائی،دوست یا کوئی رشتہ دار کسی بھی ادارے میں کام لیکر جائے تو اس کا کام نہ کیا جائے ۔ پولیس کلچرآہستہ آہستہ تبدیل ہوگا لیکن میں پولیس سے متعلق شکایات کا فوری نوٹس لیکر کارروائی کرتا ہوں۔علاوہ ازیں عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ایران کے قونصل جنرل رضا ناظری نے ملاقات کی ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ایران کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا مزید فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ایرانی قونصل جنرل نے 100 روزہ ایجنڈے کے پروگرام کی تعریف کی اور وزیراعلیٰ کو شاندار پروگرام پر عملدرآمد اور مستقبل کا روڈمیپ وضع کرنے پر مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کام کرنیوالی حکومت ہے ، پاک ایران تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ہرممکن اقدامات کرینگے ، ایرانی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں وزیر ریلویز شیخ رشید نے ملاقات کی اور راولپنڈی کے تاجروں کے مسائل اورپنجاب فوڈ اتھارٹی کی بلا جواز کارروائیوں سے متعلق شکایات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور آج متعلقہ سیکرٹریز کو طلب کر لیا جبکہ ریلویز کی بحالی کیلئے شیخ رشید کی کاوشوں کی تعریف کی اور نئی ٹرینیں چلانے پر مبارکباد دی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی ہدایت پرصوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس ،صوبائی مشیرحنیف پتافی،خرم مزاری اورعبدالحئی دستی نے ایوان وزیراعلیٰ میں شہریوں سے ملاقاتیں کیں، مہمانوں کی چائے اور بسکٹ سے تواضع کی گئی اورانکے مسائل سن کر متعلقہ حکام کوفوری کارروائی کی ہدایت کی گئی، دوردراز سے آنیوالے شہریوں کو کھانا بھی پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے پاکپتن کی ڈی پی او اور بزرگ شہری کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے 48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی اور واقعہ کی انکوائری کا حکم دیدیا ۔