اسلام آباد(خبر نگار خصوصی)وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے عراقی سفارت خانے میں عراقی سفیرعبد السلام صدام سے ملاقات کی۔ملاقات میں عراق میں اہل بیت اطہارؓ کے مزارات پر جانے والے عقیدت مندوں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیاگیا۔وزیر مذہبی امور نے وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن کے ہمراہ عراقی سفیرسے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے سفیر کو آئندہ چہلم امام حسین میں شرکت کیلئے پاکستانی زائرین کے ویزہ میں حائل مشکلات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ پیر نور الحق قادری نے سفیر کو بتایا کہ پاکستان میں قائم عراقی سفارتخانے سے ویزہ کے حصول کیلئے زائرین کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔ عراق جانے کے خواہشمند بہت سے زائرین نے فضائی ٹکٹ خریدے ہوئے ہیں اور ہوٹل کی بکنگ بھی کرا رکھی ہے تاہم عراقی ویزہ کے حصول کیلئے عراقی وزارت داخلہ اور خارجہ سے اپروول کی شرط لگائی گئی ہے ۔ عراقی سفیر عبد السلام صدام نے وزیر مذہبی امور کو بتایا کہ وہ جلد عراقی وزارتِ خارجہ اور داخلہ سے اس مسئلہ پر بات کریں گے ۔