لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب اور صدر ملی یکجہتی کونسل وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا حقیقی سرمایہ ہوتے ہیں۔ باشعور اور مہذب اقوام نوجوانوں کو اپنا مستقبل تصور کرتی ہیں۔ برسرروزگار، تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوان ہی کسی ملک اور قوم کی داخلی معیشت اوروقار کے استحکام کا باعث ہوتے ہیں۔ یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ وسائل، تعلیم، ذرائع اور ٹیکنالوجی کی بے تحاشا ترقی کے باوجود پاکستان میں بڑی تعداد میں نوجوان بیروزگاری سے دوچار ہیں جو اس امر کاثبوت ہے کہ وسائل و ذرائع چند مراعات یافتہ مخصوص طبقات کے افراد کے ہاتھوں مرتکز ہو چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تقر ب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ تعلیم یافتہ نوجوان ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہیں۔ پاکستان ایک خوش قسمت ملک ہے جس کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان پاکستان کا تابناک مستقبل ہیں، جنہیں معیاری تعلیم، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر فنی علوم سے آراستہ کرکے اپنے پاوں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے ۔ لیکن افسوس ہے کہ ملک میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر دربدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔