اسلام آباد،راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی ،این این آئی)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی زیر صدارت پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کواٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی ۔پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں،ترقیاتی منصوبوں اور موجودہ سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی ۔کانفرنس کے دوران شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔نیول چیف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہارکیا ۔ پاک بحریہ کی جاری شجر کاری مہم کیلئے کوششوں کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ملاقات کی اور وفاقی وزیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ترجمان وزارت دفاع کے مطابق وزیر دفاع سے پاک بحریہ کے سربراہ کی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور میری ٹائم سکیورٹی کے امور زیر غور آئے ۔ وفاقی وزیر دفاع نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاک بحریہ کو مضبوط کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کریگی۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے وزیر دفاع کوپاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا۔ دوسری جانب وفاقی وزیربحری اْمور سید علی حیدر زیدی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کادورہ کیا اورپاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملاقات کے دوران میری ٹائم اْمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر بحری اْمورنے میری ٹائم سیکٹر کی ترقی اور عالمی بحری امن میں پاک بحریہ کے کردارکو سراہا۔