اسلام آباد ، راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی ، مانیٹرنگ ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار اور مادر وطن کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔پا ک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دوروزہ سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد کی گئی جس کی صدارت آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کی۔کانفرنس میں پاک فوج کے تمام جنرل آفیسرز نے شرکت کی۔ کانفرنس میں جیو سٹریٹجک اور قومی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔داخلی سکیورٹی کے معاملات ، درپیش چیلنجز اور جوابی حکمت عملی پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔آرمی چیف نے فروری میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران پڑوسی ملک کو منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔آرمی چیف نے کہا پاک فوج ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار اور مادر وطن کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے آپریشن ردالفساد کے دوران ملنے والی کامیابیوں کو بھی سراہا جس سے دیر پا امن اور استحکام کے حصول کی منازل طے کرنے میں مدد ملی ۔کانفرنس کے شرکا نے عزم ظاہر کیا کہ ملک کی خدمت کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔