ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے منگل کے روز پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ افواج پاکستان کا انتخابات میں براہ راست کوئی تعلق نہیں اور فوج الیکشن کے عمل کو غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہو کر انجام دے گی‘ انتخابات شفاف ہونگے‘25جولائی کو عوام ملک کو ایک نئی جمہوری حکومت کی طرف لے کر جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم رب کی مخلوق ہیں‘ ہماری کوئی سیاسی جماعت نہیں‘ ہر چیز کو شک کی نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ ہماری طرف سے مسٹر اے بی سی کوئی آئے جسے عوام منتخب کریں گے، وہ وزیر اعظم ہو گا۔ پاکستانی عوام کے لیے اپنی ڈیوٹی کریں گے‘ ہمارا کام انتخابات کرانا نہیں الیکشن کمشن کی مدد کرنا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے اس بیانیے کے بعد انتخابات کے حوالے سے پائے جانے والے یا پیدا کیے جانے والے تمام شکوک و شبہات دم توڑ گئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ یہ حقیقت بھی اظہر من الشمس ہو گئی ہے کہ انتخابات میں پاک فوج سے صرف مدد لی جا رہی ہے اس کا بلاواسطہ طور پر ان انتخابات سے کوئی تعلق نہیں۔ ایک بڑی جماعت کے رہنما کی طرف سے خلائی مخلوق کی جو بات کی گئی ہے،یہ ایک طرح سے انتخابی عمل کو مشکوک بنانے کی کوشش ہے جس کی حوصلہ افزائی نہیں کی جانی چاہیے۔ یہ پاکستانی عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انتخابات ایک ایسے ادارے کی نگرانی میں ہو رہے ہیں جس کا مطالبہ قریباً تمام سیاسی قوتوں کی طرف سے کیا جا رہا تھا۔ پاک فوج کے ترجمان کے بیان سے یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہو گئی ہے کہ شفاف انتخابات کے لیے ایک ایسی فضا تیار کر لی گئی ہے جس کے نتیجہ میں پاکستان کے جمہوریت پسند عوام کو ایک جمہوری حکومت کے قیام کا بھر پور موقع مل سکے گا۔