لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) سابق اولمپیئن طاہر زمان کا کہنا ہے کہ اولمپکس کی تیاری کو سامنے رکھ کر پروہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔انٹرنیشنل ہاکی سرگرمیاں معطل نہیں کرنی چاہئیں، پرو ہاکی لیگ میں شرکت سے نوجوان کھلاڑیوں کو دنیا کی بہترین ٹیموں کے ساتھ 16 میچز کھیلنے کو مل رہے ہیں، اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمارے پاس اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کا بہترین چانس ہے ، انٹڑنیشنل اور ڈومیسٹک ہاکی کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا۔ گزشتہ روز بات کرتے ہوئے سابق اولمپیئن کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی جب تک بین الاقوامی سطح پر پرفارمنس بہتر نہیں ہوگی اس وقت تک ڈومیسٹک ہاکی پر بھی سرمایہ کاری کے رزلٹ نہیں ملیں گے ۔ اگر ہم سب کچھ چھوڑ کر معجزے کا انتظار کرتے رہیں گے ۔تو ایسا کوئی معجزہ نہیں ہوگا۔ انٹرنیشنل ہاکی اور ڈومیسٹک ہاکی دونوں کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا، پھر ہی ڈویلمپنٹ ہوگی اور میدان میں اتر کرہی رزلٹ ملیں گے ۔ طاہر زمان نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں سے فوری نتائج کی توقع درست نہیں۔