لاہور (سٹاف رپورٹر،92نیوز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی لسٹ طلب کرلی ہے ، ہر ہاؤسنگ سکیم کا جائزہ لے کر ریگولر کرنے یا نہ کرنے فیصلہ کیا جائیگا۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف ایل ڈی اے ہیڈ کوارٹرز گئیں، مریم نوازشریف کی صدارت میں اجلاس ہوا، جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ کیاگیا، شہر کی مختلف اہم سڑکوں کو کمرشلائز کرنے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا، ایم ایم عالم روڈ کی ری ماڈلنگ اور بیوٹیفکیشن کی منظوری دی گئی، لبرٹی، مین مارکیٹ، منی مارکیٹ، حالی روڈ کے علاقے میں ٹرام چلائی جائے گی، گلبرگ اور مضافاتی علاقوں کی تعمیر ومرمت اور بحالی کا فیصلہ کیاگیا، کریم بلاک تا موٹر وے سگنل فری کوریڈور پلان کی منظوری دی گئی، لاہور کے مختلف روڈ زکی کمرشلائزیشن کی منظوری دی گئی، وزیراعلیٰ نے مینار پاکستان اور چائنا سکیم کے سپورٹس کمپلیکس کی جلد تکمیل کی ہدایت کی اور ایل ڈی اے کے لئے 46 ارب روپے ریونیو جنریشن کا ہدف مقرر کیا، وزیراعلی نے ایل ڈی اے حکام کو ریکارڈ کی سفٹنگ کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نوازشریف نے کہاکہ ایل ڈی اے سٹی کی ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گلوبل ویلج کا بھی دورہ کیا۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے فیصل آباد میں بارش سے چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا، مریم نواز شریف نے سوگواران سے تعزیت کااظہار کیا دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مردان دھماکے کی مذمت کی ہے ، مریم نواز شریف نے دھماکے میں نقصان پرافسوس کا اظہار اور سوگواران َسے تعزیت کااظہار کیا۔