لاہور(خصوصی نمائندہ)پنجاب کابینہ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن کے قیام کی منظوری دے دی،سستی روٹی سکیم میں ہونے والی بے ضابطگیوں کا سپیشل آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں گریڈ 1سے 4تک کی منظور شدہ خالی اسامیوں کے لئے بھرتی پر پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیاگیاجبکہ پنجاب بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز سروس رولز 2009 میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ کا18 واں اجلاس ہوا،اجلاس میں پنجاب لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیاگیا،کابینہ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن کے قیام کی منظوری دی،پنجاب لوکل گورنمنٹ کمیشن13ممبران پر مشتمل ہوگا،سربراہ صوبائی وزیر خزانہ ہوں گے ، کا بینہ نے سابق دور کی سستی روٹی اتھارٹی کو بندکرنے کی منظوری بھی دیدی۔اجلاس میں سستی روٹی سکیم میں ہونے والی بے ضابطگیوں کا سپیشل آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیاگیا،سپیشل آڈٹ کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی، اجلاس میں رجسٹریشن ایکٹ 1908 کی رجسٹریشن فیس میں ترامیم کا فیصلہ کیاگیا،ترامیم کے بعد ای سٹیمپنگ سکیم کا دائرہ کارمزید بڑھا یا جائے گا،پراونشل موٹر وہیکلز ترمیمی بل 2019 کے بارے میں ٹریفک مینجمنٹ ریفارم کے تحت مختلف اقدامات اورٹریفک قوانین کی خلاف وزری پر جرمانوں میں اضافے کی منظوری دی گئی،کابینہ نے راولپنڈی میں یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے قیام کا فیصلہ کیااور اس ضمن میں ڈرافٹ بل 2019 کی منظوری دی،اجلاس میں ایک کیوسک سے کم سائز کے موگوں کی اجازت کا فیصلہ کیا گیا،کابینہ اجلاس میں بہاولپور سے لودھراں تک سپیڈو بسوں کے آپریشنز کے حوالے سے 6کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز کے اجرا کی منظوری دی گئی، وزیراعلیٰ نے وزراء کو اپنے اضلاع میں کھلی کچہریاں لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی وزراء پرائس کنٹرول کے لئے فیلڈ میں نکلیں اورعوام کو ریلیف دیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ آفس میں لاہور کے انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کے حوالے سے معاہدے کی تقریب ہوئی،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے ۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ کے درمیان انڈر پاسز کی بیوٹیفکیشن اور اپ لفٹنگ کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ،ڈی جی ایل ڈی اے عثمان معظم اورچیف ہیومن ریسورس آفیسر پی ٹی سی ایل سید مظہر حسین نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ،معاہدے کے تحت لاہور کے 19 انڈر پاسز کی تزئین نو پی ٹی سی ایل کے تعاون سے کی جائے گی، پی ٹی سی ایل انڈر پاسز کی تزئین نو کا کام 90 روز میں مکمل کرے گی،وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ انڈر پاسز کے ناموں سے منسوب شخصیات کی خدمات نمایاں کیا جائیگا۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات اورفلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کے فیصلوں پر بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت کے نام پر چندہ اکٹھا کرنے والے مولانا کی معیشت خطرے میں پڑی ہوئی ہے اور یہی ان کی پریشانی ہے ،پر امن احتجاج سب کا حق ہے لیکن توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں دی جاسکتی،اگر کسی نے احتجاج کے نام پر قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔