لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب سیڈ کارپوریشن نے پچھلے مالی سال میں بیجوں کی فروخت سے قریباً2 کروڑ سے زائد منافع کمایا جو اس کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔اس سال بھی پنجاب سیڈ کارپوریشن کاشتکاروں کو گندم کی منظور شدہ اقسام کے بیج کے 2 لاکھ سے زائد تھیلے سبسڈی پر مہیا کر رہا ہے یہ بات وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 116 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ممبران بورڈ ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ زراعت عبیداﷲ، منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن ڈاکٹر غضنفر علی،ممبر پی اینڈ ڈی ڈاکٹر عارف،ممبر فنانس ڈاکٹر عبدالغفور، ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر غضنفرودیگر نے شرکت کی۔ ، ڈائریکٹر ایڈمن رانا رفعت، ڈائریکٹر فنانس طارق محمود، ڈائریکٹر مارکیٹنگ ملک الیاس، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ ملک امتیاز،ڈائریکٹر پروسیسنگ سرور شمسی، ایڈوئزر وزیر زراعت پنجاب شاہد قادر،ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ انعام،ڈپٹی ڈائریکٹر میاں طاہر نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر زراعت کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے ایجنڈہ بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اور وزیر زراعت کو پنجاب سیڈ کارپوریشن کی نئی عمارت کے کام کی رفتار بارے بھی بتایا گیا۔ وزیر زراعت نعمان لنگڑیا ل نے کہا کہ ملازمین کو بہترین ماحول فراہم کئے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے اس لئے اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کی تعمیر نا گزیر ہے ۔بہترین ماحول میسر آنے سے ملازمین زرعی اجناس گندم، چاول، کپاس، مکئی، سبزیات، چارہ جات کے نئے بیجوں کومتعارف کرانے میں اپنا بہترین کردار ادا کر یں گے ۔ ہم زرعی سائنسدانوں کی بھی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ کسانوں کو اعلیٰ معیار کا بیج سستے داموں میسر آ سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کا بیجوں کی صنعت میں لیڈر کا کردار ہے جو ملٹی نیشنل اور مقامی سیڈ کمپنیوں کے مقابلے میں کسانوں کو تصدیق شدہ معیاری بیج ارزاں نرخوں پر فراہم کر رہا ہے اور اس سے موجودہ حکومت کا سر سبز پنجاب کا خواب پورا ہورہا ہے ۔ وزیر زراعت نعمان لنگڑیال نے کہا کہ پنجاب کے کسانوں کا معیار زندگی بلند کرنا موجودہ حکومت کا مشن ہے جس کے لئے دن رات کاوشیں جاری ہیں۔ وزیر زراعت نے ہدایت کی کہ عمارت کی تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے -