لاہور/راولپنڈی (اپنے خبر نگار سے ،نامہ نگار خصوصی ) پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کے کل 157کنفرم مریض زیر علاج ہیں۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 59نئے مریض سامنے آئے جبکہ 47مریض ڈسچارج ہوئے ، 6 مریض انتہائی نگہداشت میں اور باقی خطرے سے باہر ہیں، راولپنڈی میں 37، لاہور 12 سرگودھا 3 اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، ملتان،جہلم حافظ آباد اور راجن پور1، 1کیس سامنے آئے ہیں۔صوبہ بھر میں زیر علاج، ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزی گروپ کے مطابق پنجاب میں رواں سال یکم جنوری سے 7نومبر تک ڈینگی سے 16اموات ہوئی ہیں، گذشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 200153ان ڈور اور68093آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا جبکہ205 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا ہے ، ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر10کمرشل مقامات کے خلاف مقدمات درج ، 3افراد کو گرفتار جبکہ ایک مقام کو سیل کیا گیا ہے ، راولپنڈی میں عوام کی سہولت کیلیے موبائل سکریننگ یونٹس میں تمام ٹیسٹوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے ،جہاں 5موبائل ہیلتھ یونٹس اور2موبائل فلٹر کلینک کام کر رہے ہیں۔ دریں اثناء راولپنڈی میں ڈینگی بخارسے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 77 ہوگئی،سرکاری رپورٹ کے مطابق 75 شہری سرکاری ہسپتالوں جبکہ 2 مریض نجی ہسپتالوں مین ڈینگی بخار سے جاں بحق ہوئے ،رپورٹ کے مطابق ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 14 ہزار110ہے جبکہ سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی میں ڈینگی شبہ میں 82484 مریضوں کو چیک کیا گیا ہے ۔