لاہور( سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز نے پولیس اہلکاروں کے تھانوں میں تفتیش کے دوران موبائل استعمال پر پابندی لگا دی، ایس ایچ او اور انچارج انویسٹی گیشن کے سوا کوئی پولیس اہلکار ڈیوٹی کے دوران موبائل فون استعمال نہیں کرے گا،مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ دوران ڈیوٹی اہلکاروں کے موبائل فون استعمال سے کارکردگی پر اثر پڑتا ہے اس حوالے سے پہلے بھی مراسلہ جاری کیا جا چکا ہے جس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ڈیوٹی کے دوران کوئی بھی اہلکار ویڈیو نہیں بنائے گا۔ڈیوٹی پر موجود اہلکار اپنے کسی افیسر کی ویڈیو بھی نہیں بنائے گا۔اگر کوئی اہلکار موبائل استعمال کرتا پایا گیا تو اسکے ساتھ انچارج کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ اس حوالے سے مراسلہ سی سی پی اوز، آر پی اوز، ڈی پی اوز کو بھجوا دیا گیا اور مراسلے پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ، مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق سائلین اور پولیس سٹیشن کے عملے کو اپنے کیمرے والے فون ڈیسک پر جمع کرانا ہوں گے ۔