لاہور(میاں رئوف/مجاہد شاہ) شہر کے پوش علاقوں میں واقع معروف تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کی جانب سے طلبا وطالبات میں نشہ کی لت لگانے کے کاروبار میں اضافہ ہو گیا۔منشیات کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات کا مستقبل تباہ ہونا شروع ہو گیا۔طلبا کے والدین اپنی عزت کو چھپانے کی خاطر نشی بچوں کو پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج و معالجہ کرانے میں مصروف ہو گئے ۔ ایک خفیہ ادارے نے حکومت پنجاب کو ایک رپورٹ بھجوائی تھی ۔جس میں خفیہ آپریشن میں چار منشیات فروش جن میں لھبا سائیں،وکی مسیح،طاہر اورسلیم کو گرفتار کیا گیاجنہوں نے بتایا کہ وہ طلبا و طالبات کو لالچ دیکر اپنا کارندہ بناتے ہیں اور انکی وجہ سے منشیات تعلیمی اداروں کے اندر فروخت کی جاتی ہے ۔ روز نا مہ 92سے خصو صی با ت کر تے ہو ئے ایس ایس پی آپریشنزلاہوراسدسرفرازخان نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے ۔