سیئول ( نیٹ نیوز) جنوبی کورین فلم پیراسائٹ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید پر ہدایت کار بانگ جون ہو نے کرارا جواب دے ڈالا، آسکر ایوارڈز میں تاریخ رقم کرنے والی فلم پیرا سائٹ کے ہدایت کار بانگ جون ہو نے کہا کہ انہیں ٹرمپ کے تبصرے پربہت غصہ آیا، ٹرمپ کا بیان تنگ نظری ہے ، واضح رہے امریکی ریاست لاس اینجلس میں 9 فروری کو 92 ویں آسکر ایوارڈز کا میلہ سجا تھا جہاں تاریخ میں پہلی بار انگریزی کے بجائے جنوبی کورین زبان میں بننے والی فلم ’پیراسائٹ‘ کو بہترین فلم قرار دیا گیا۔ اس فلم نے مجموعی طور پر 4 ایوارڈز اپنے نام کیے ۔چند روز قبل ٹرمپ نے ریاست کولوراڈو میں ریلی سے خطاب کے دوران اکیڈمی ایوارڈز کو تنقید کا نشانہ بنایا اور تاریخ رقم کرنی والی فلم پر بھی طنز کیے ، امریکی صدر نے اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین فلم کے اعلان کی بھی نقل اتاری تھی۔