کراچی( سپورٹس ڈیسک،92نیوزرپورٹ) پی ایس ایل کے چوتھے میچ میں لاہور قلندر ز نے مسلسل دوسری بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9وکٹوں سے شکست دے دی، فخر زمان اور محمد حفیظ کی شاندار بلے بازی کی بدولت لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا 179 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 18.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔ 82 رنز بنانے پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس فتح کے ساتھ ہی لاہور قلندرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگئی۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے ۔ ٹام بنٹن 4، صائم ایوب 3 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ کرس گیل 68، کپتان سرفراز احمد 40 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ اعظم خان 13، بین کٹنگ 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ،محمد نواز 33 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ حارث رئوف نے تین، شاہین شاہ،احمد دانیال اورراشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے کیا ۔9ویں اوورز میں 64 کے مجموعی سکور پر لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر 21 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ پھر محمد حفیظ بیٹنگ کیلئے آئے اور انہوں نے بھی فخر زمان کیساتھ ملکر ٹیم کو جتوانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ فخر زمان نے 52 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 82 جبکہ حفیظ نے 33 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 73 رنز بنائے ۔فخرزمان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔