لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی سی بی کے نئے چیئرمین کے انتخاب کے لئے بورڈآف گورنرز کا خصوصی اجلاس پیر کو ہوگا، 36ویں چئیرمین کے انتخاب کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا خصوصی اجلاس 13 ستمبر بروز پیر کی صبح 11 بجے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں منعقد ہوگا ۔پی سی بی کے الیکشن کمشنرجسٹس ریٹائرڈشیخ عظمت سعید خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے ۔اجلاس میں گورننگ بورڈ کے دیگر ممبران عاصم واجد جواد ، عالیہ ظفر ، اسد علی خان ، عارف سعید ، جاوید قریشی ، رمیز راجہ اور وسیم خان اس خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ پی سی بی کے پیٹرن وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے چیئرمین کے لئے رمیز راجہ کی نامزدگی کی گئی ہے جومتوقع طور پر اتفاق رائے سے بلا مقابلہ منتخب ہو جائیں گے ۔