لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ نے کنٹرول روم کے مختلف شعبے دیکھے ، موسم، بارشوں، برفباری اور رودکوہی کے بارے میں پیشگی اطلاعات کے سسٹم کا مشاہدہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کی صدارت کی جس میں اضلاع میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، بارش کے پانی کے نکاس کیلئے ڈرین واٹر ہارویسٹنگ ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر غور کیا گیا اور اربن ایریا میں گراؤنڈ واٹر ری چارجنگ سسٹم کے نفاذ کی تجویز کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا دائرہ کار بتدریج اضلاع تک بڑھائیں گے ، پی ڈی ایم اے کو درکار وسائل کی فراہمی کی ذمہ داری پوری کی جائیگی ۔ملالہ ڈے کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ جہالت کے اندھیروں میں علم کی شمع روشن کرنے والی ملالہ یوسف زئی دوسروں کے لئے قابل تقلید مثال ہے ،ملالہ نے انتہاء پسندی کوتعلیم کے ذریعے شکست دی ۔وزیراعلیٰ نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے لاہور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ 50 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ کر دی اور جرنلسٹ کالونی کے مکینوں کے ذمہ واجب الادا ماہانہ واجبات کے تقریبا ایک کروڑ 20 لاکھ روپے ختم کرنے اورلاہور پریس کلب کے ارکان کیلئے ہیلتھ کارڈبھی جاری کرنیکی ہدایت جاری کی ۔ وزیر اعلیٰ سے لاہور پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں اور گورننگ باڈی کے ارکان نے ملاقات کی ،وزیر اعلی ٰ نے مطالبات منظور کرتے ہوئے جلد عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی، وزیر اعلیٰ نے ایف بلاک کی ڈویلپمنٹ اور فیز ٹو کے امور جلد ازجلد حل کرنے کی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ نے بورڈ ز آف ڈائریکٹر اور منتخب مینجمنٹ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کرنیکا حکم دیا، وزیر اعلی ٰنے کہا کہ جرنلسٹ کالونی میں کمرشل ایریا کی تعمیر، پبلک پارک کا قیام، 30 بیڈ کے ہسپتال ، سکول کے قیام کیلئے کارروائی عمل میں لائی جائے ،وزیر اعلی ٰنے سیوریج اور واٹر سپلائی کا نظام واسا کے سپرد کرنے اور بجلی کا نظام لیسکو کے سپرد کرنے کیلئے کارروائی کی ہدایت کی ، وزیر اعلی ٰنے ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی، اراضی کا پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے حق میں انتقال کرنے کیلئے کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر ذوالفقار علی مہتو، جنرل سیکرٹری زاہد عابد، شاہد چودھری اور دیگر عہدیداروں نے وزیر اعلی ٰ کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب سے صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام علی بخاری نے بھی خطاب کیا ۔وزیراعلیٰ نے رحیم یار خان کے قریب ٹرین اور حسن ابدال کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے واسا حکام کو نکاسی آب کی کارروائیاں تیزتر کرنے کا حکم دیا ہے ۔