لاہور(خصوصی رپورٹر)تحریک انصاف نے حکومت سنبھالتے ہی وزیر اعظم سمیت ملک کے اہم عہدیداروں کے پروٹوکول کو کم کرنے کیلئے روایتی بلیو بک تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ،انتظامیہ صدر مملکت ، وزیراعظم ، چیئر مین سینٹ، سپیکر قومی اسمبلی اور دیگر اہم حکومتی عہدیداروں کوطے شدہ بلیو بک کے مطابق پروٹوکول دینے کی پابندہے ،کسی اہم شخصیت کی خواہش کے باوجود انتظامیہ ہر صورت بلیو بک کے قواعد و ضوابط پر عمل کرنے کی پابند ہے ،تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سادگی کو اپناتے ہوئے غیر ضروری پروٹوکول کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن انتظامی افسروں اور قانونی ماہرین نے بتایا کہ اگر وہ اس پر عمل کرانا چاہتے ہیں تو انہیں بلیوبک میں تبدیلیاں لانا ہونگی جس کے بعد عمران خان نے اپنی پارٹی کے اہم عہدیداروں سے مشاورت کی اور انہیں ٹاسک دیا کہ وہ بلیو بک میں تبدیلی کیلئے سفارشات مرتب کریں۔ تحریک انصاف کی حکومت آتے ہی بلیو بک میں ترمیم کرکے روایتی پروٹوکول کو ختم کردیگی ۔توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ صدر مملکت ،وزیراعظم سمیت تمام اہم حکومتی عہدیداروں کا روایتی پروٹوکول ختم کردیا جائے گا اور پروٹوکول کے نئے قواعد و ضوابط جاری کئے جائینگے جس سے سادگی کو فروغ دیا جائیگا ۔