اسلام آباد،لاہور (این این آئی، سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ایوان قائد ایف 9 پارک میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کو پی پی اور ن لیگ نے سہارا دے رکھاہے ۔ یہ جماعتیں استعفے دے دیں تو حکومت کا اسی دن دھڑن تختہ ہو جائیگا جس دن یہ جماعتیں پارلیمنٹ سے مستعفی ہو نے پر یکسو ہو گئیں ، اسی دن جماعت اسلامی بھی استعفے دے گی ۔ اگر حکومت نے اشیا کی قیمتیں کم نہ کیں تو عوام کا ہاتھ حکمرانوں کے گریبانوں تک پہنچ جائے گا ۔ کنونشن سے جے آئی یوتھ کے صدر زبیر احمد گوندل ، ڈاکٹر طارق سلیم اور اویس اسلم مرزا نے بھی خطاب کیا ۔ دریں اثنا علمائو مشائخ رابطہ کونسل کے زیراہتمام آج منصورہ میں سراج الحق کی زیرصدارت میلادالنبیؐ کانفرنس ہوگی ۔صدر علمائو مشائخ کونسل میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ سرپرستی سجادہ نشین دربار کوٹ مٹھن شریف خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ کرینگے ۔ علاوہ ازیں سراج الحق ، امیر العظیم ، لیاقت بلوچ و دیگر نے نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم کے بڑے بھائی ڈاکٹر محمد صادق کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔