راولپنڈی،اسلام آباد ، لاہور ، کراچی، نیویارک ،دبئی (نامہ نگارخصوصی،بیورو رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک،ایجنسیاں)چین کے شہر ووہان میں پھنسے 274 پاکستانی طلبہ پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے گزشتہ روز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئے ۔روانگی سے قبل ووہان ایئرپورٹ پر پاکستانی طلبہ کامکمل طبی معائنہ اور کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس چیک کی گئیں،ذرائع کے مطابق چند طلبہ کے جسم کا درجہ حرارت زیادہ ہونے پر انہیں روک لیا گیاہے ۔ اسلام آبادایئرپورٹ پرتمام طلبا کودوبارہ سکریننگ کے بعد قرنطینہ سنٹرزمیں منتقل کردیاگیاہے ۔ ادھرپی آئی اے کی خصوصی پرواز 250 مسافروں کو نیو یارک اورنیو جرسی سے لیکر لاہور کیلئے روانہ ہو گئی ۔پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی نے مسافروں کو رخصت کیا ۔ پی آئی اے کی چوتھی خصوصی پرواز 21 مئی کو نیویارک ائیرپورٹ ، نیو جرسی سے روانہ ہوگی۔ادھرسول ایوی ایشن اتھارٹی نے نجی ایئرلائن سیرین کو پاکستان سے کابل کیلئے 3 میڈیکل کارگو پروازیں چلانے کی اجازت دے دی اورنوٹم بھی جاری کردیا ہے ۔ ادھردبئی میں وطن واپسی کے خواہشمند پاکستانیوں کا قونصل خانے پر رش لگ گیا اور پاکستان واپسی کے خواہاں افراد گیٹ پھلانگ کر عمارت میں داخل ہوگئے ۔دبئی میں پھنسے پاکستانی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں سب کھول دیا تو معمول کی فلائٹس بھی کھول دی جائیں۔ ادھرجاپانی حکومت کی ج فضائی سفر پر پابندی کے باعث پی آئی اے کی ٹوکیو کے لئے خصوصی پرواز منسوخ ہوگئی ہے ۔ جاپان نے پی آئی اے کی پرواز کو اترنے کی اجازت دینے سے انکار کردیاہے ۔علاوہ ازیں قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 8764 پرجدہ سے 142 پاکستانی فیصل آباد پہنچ گئے ،جن میں سے 139کوقرنطینہ سنٹرز میں منتقل کردیا گیاجبکہ ایک ہی خاندان کے 3افرادکو گھر میں قرنطینہ کی اجازت دیدی گئی۔