صادق آباد(نامہ نگار)اغواء برائے تاوان‘ قتل ‘ڈکیتی رہزنی سمیت سنگین جرائم میں ملوث چھوٹو گینگ کی باقیات کیخلاف ڈسٹرکٹ پولیس رحیم یارخان اور راجن پور پولیس نے کچہ کے دریائی علاقوں میں گرینڈ آپریشن کے دوران سینکڑوں ایکڑ پرمحیط جنگل پر اپنا قبضہ جما لیاہے ‘ بھاری مشینری کیساتھ جنگل کومسمار کرنے کا عمل کیاگیا ‘درجنوں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو آگ لگا کر جلانے کے بعد پولیس نے دریا کے پار بھی اپنے مورچے قائم کر کے نو گو ایریا کوختم کر دیاگیا ہ۔اے ایس پی سرکل پولیس صادق آباد ڈاکٹر حفیظ الرحمن بگٹی نے گزشتہ روز کچہ کے دریائی علاقہ میں صحافیوں کو دورہ کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ عمر فاروق مزاری کے علاقہ میں بیس کیمپ قائم کر دیا گیا ہے جہاں پر پولیس کے جوان بھاری اسلحہ کیساتھ چوبیس گھنٹے الرٹ ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے ڈاکوؤں کے سب سے بڑے جتھے لٹھانی ، عمرانی ، بکھرانی گینگز کا محاصرہ کر کے ان کی کمین گاہوں پر بھرپور فائرنگ کی ،گھنے جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈاکو دریاپارفرار ہو چکے ہیں، پولیس فائرنگ سے ڈاکوؤں کے ساتھیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں ، ڈاکوؤں کی کمین گاہوں میں موجود سامان کو آگ لگا کر جلاد یا گیا ہے ۔