لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے چیف سلیکٹر انضمام الحق اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی پر اپنے اعتماد کا اظہار کر دیا۔تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے ملاقات کی اور ان سے بیٹے کی سلیکشن بارے میڈیا میں آنے والے سکینڈل بارے بات کی۔ یاد رہے کہ انضمام الحق نے دو روز قبل کہا تھا کہ وہ اس بے بنیاد الزام پر چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کر کے تحقیقات کا مطالبہ کریں گے ۔پی سی بی اعلامیہ کے مطابق چیئرمین احسان مانی نے انضمام الحق سے ملاقات میں کہا کہ دو ٹیسٹ کرکٹروں پر بے بنیاد الزامات لگانا قابل افسوس ہے ۔ چیئرمین پی سی بی نے چیف سلیکٹر انضمام الحق اور جونیئر چیف سلیکٹر باسط علی پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ یاد رہے کہ انضمام الحق نے بیٹے کی سلیکشن کے لئے فون کرنے کے الزامات پر اپنے عہدہ سے الگ ہونے کی بات کی تھی تاہم چیئرمین احسان مانی کی جانب سے ملاقات کے بعد اب وہ اپنا کام جاری رکیں گے ۔