لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )شہر میں کھاد اور یوریا کی سپلائی پر نظر رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ڈی سی عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ ڈی سی آفس سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنرز کے آفسز میں کنٹرول روم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم میں محکمہ زراعت، فوجی، اینگرو، یوریا کمپنی کا نمائندہ اور ڈی سی آفس کا سٹاف موجود ہو گا۔ ڈی سی عمر شیر چٹھہ نے شہر میں کھاد اور یوریا کے سٹاک کرنے پر سیل کی گئی تمام دکانوں کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کھاد بنانے والی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملکر ڈیلرز کے ذریعے شہر میں سپلائی کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلرز اپنے کوٹہ کے متعلق تمام ریکارڈ رکھے گا۔ ڈی سی نے کہا کہ غیر قانونی طور پر کام کرنے والے ڈیلرز قانون کے شکنجے میں آئیں گے ۔بعد ازاں ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران تجاوزات کے خاتمے حوالے سے متحرک ہیں۔ ڈی سی عمر شیر چٹھہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر شالیمار تہنیت بخاری نے ٹیموں کے ہمراہ حاجی کیمپ کے علاقے میں تجاوزات کے حوالے سے آپریشن کیا اور 18 ریڑھیوں کو ضبط کر لیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں پھٹوں اور پلاسٹک کی کرسیوں کو بھی ضبط کیا گیا ہے ۔ ایک ٹرک سامان ضبط کیا گیا ہے اور ایک ایف آئی آر کا اندراج بھی کر ایا جا رہا ہے ۔