لاہور، کراچی، اسلام آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹر، نامہ نگار) کراچی میں موسلا دھار بارش کے باعث چاند رات، عید اور ٹرو کے روز بھی تباہی جاری رہی، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تین روز کے دوران کرنٹ کے واقعات میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ، چاند رات کو بارش کے دوران اتحاد ٹاون کے علاقے میں گھر کے اندر کرنٹ لگنے سے 50سالہ عبدالرحمٰن جاں بحق ہو گیا، سائٹ اے کے علاقے نادراآفس کے قریب کرنٹ لگنے سے 48سالہ حنیف چل بسا ، عیدالضحی کے پہلے روز درخشاں کے علاقے ڈیفنس خیابان سحر کے قریب بارش کے دوران جمع ہونے والے پانی میں بجلی کے پول سے آنے والے کرنٹ لگنے سے تین نوجوان دوست فیضان ،حمزہ اور طلحہ جاں بحق ہو گئے ، پیر آبا د کے علاقے شاہی آباد کچی آبادی میں کرنٹ لگنے سے 57سالہ خاتون جاور خانم جاں بحق ہو گئی،میمن گوٹھ کے علاقے حاجی احمدی محلہ میں کرنٹ لگنے سے عبدالرحیم جاں بحق ہو گیا،کھارادر کے علاقے امام بارگاہ کے قریب کرنٹ لگنے سے 33 سالہ محمد عمر جاں بحق ہو گیا،لانڈھی کے علاقے زمان آباد میں گھر میں 24سالہ عمیر کرنٹ کی زد میں آیا۔ کراچی میں ہونے والی بارش کے باعث 2روز کے دوران پی آئی اے کی اندرون و بیرون ملک کی ایک درجن سے زائد پروازیں منسوخ کردیں گئیں جبکہ متعدد پروازوں کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ، بارش سے گھر وں کی چھت و دیواریں گرنے کے باعث ملبے تلے دب کر 7افراد جاں بحق ہوگئے ، چاند رات کے د ن جیکسن کے علاقے بھٹہ ولیج میں گھر کی دیوار گرنے سے 35سالہ ناصر خان،بن قاسم کے علاقے سوفن گوٹھ میں دیوار گرنے سے 60سالہ راشد جاں بحق ہوا، عید کے پہلے روز سہراب گوٹھ کے علاقے علی گڑھ سوسائٹی میں واقع مسجد ابو حریرہ کی چھت نماز عید کے دوران گر گئی ،تین افراد خوشحال عمر، پیر بخش، یوسف ، اورنگی ٹاون میں دیوار گرنے سے 45سالہ شادی خان ،، پیر آباد کے علاقے قصبہ کالونی میں چھت گرنے سے 18سالہ فائز خان جاں بحق ہوگیا۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران ندی اور نالوں سے 4افراد کی ڈوبی ہوئی لاشیں ملیں ۔ اسلام آباد میں شدید بارش کے امکان کے بعد شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی،شہریوں کے راول ڈیم، سملی، سواں اور کورنگ نالہ میں نہانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ، ریسکیو ، سی ڈی اے اور دیگر اداروں کو الرٹ کر دیا گیا۔ لاہور میں عید قرباں کے پہلے اور دوسرے روز موسم جزوی ابر آلود رہا،سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہی ، بعض جگہوں پر بارش بھی ہوئی تاہم حبس کی شدت برقرار رہی ، محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد،مالاکنڈ، ٹھٹھہ ڈویژنز، اسلام آباد اور کشمیر میں بارش ہوئی، آج اور کل ہزارہ، مالاکنڈ، مردان، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژنز اسلام آباد اور کشمیر میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔