کراچی (کلچرل رپورٹر) تھیس پیئنز کی جانب سے تھیٹر کے عالمی دن کے موقع پر ایک رنگا رنگ شام سجائی گی۔ جس میں عورتوں کی صحت اور اطائی ڈاکٹروں کی آگہی جیسے منفرد مضمون پر نعمان محمود کی تصنیف ظنز و مزاح پر مبنی تھیٹر ڈرامہ ’’فرمان کی دکان‘‘پیش کیا گیا۔ ڈرامے میں تھیس پیئنز کے پیشہ وارانہ اداکاروں نے حصہ لیا اور اسے بخوبی نبھایا۔ کھیل کی کہانی ایک اطائی ڈاکٹر اور اسکے اسسٹنٹ کے گرد گھومتی ہے جوکہ لوگوں کو جعلی دوائیاں اپنے تجربے کی بنیاد پر دیتا ہے ۔ جب کہ اسکا اسسٹنٹ بحالتِ مجبوری اسکے ساتھ اس کام میں مدد کرتا ہے ۔ کھیل میں ایک انوکھا موڑ تب آتا ہے جب اسکی دوائی سے ایک خاتون بہت زیادہ علیل ہوجاتی ہیں اور اسکا شوہر آخر کار اس ڈاکٹر کا پردہ فاش کردیتا ہے۔ اور گواہ کے طور پر اس ہی کے اسسٹنٹ کو عدالت میں پیش کر دیتا ہے ۔ تھیٹر ڈرامے کے بعد تھیس پیئنز کی جانب سے ایک خوبصورت کشمیری گیت محفل پیش کی گئی۔