لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ کرتار پور راہداری کا منصوبہ سکھ برادری کیلئے وزیراعظم عمران خان کاتاریخی تحفہ ہے اورہم پاکستان آنے والی سکھ کمیونٹی کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں،کرتار پور راہداری منصوبے کی افتتاحی تقریب کیلئے آنیوالی سکھ کمیونٹی کوحکومت ہر طرح کی سہولتیں فراہم کررہی ہیں،کرتارپور راہداری منصوبے کی تکمیل سے اس وقت بھارت میں پاکستان کا ڈنکا بج رہا ہے اورپوری دنیا کے سکھ برادری کے جذبات خوشی اور انبساط سے لبریز ہیں، وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھارت سمیت دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری کے دل جیت لئے ہیں،بین المذاہب ہم آہنگی کے اس تاریخی اقدم سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے ۔اقلیتوں کے مذہبی مقامات کے تحفظ اور اپ گریڈیشن کی اس سے بڑی مثال پور ی دنیا میں کوئی نہیں،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے اس اقدام سے امن، محبت اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ ملے گا،وزیراعلیٰ نے موجودہ سیاسی حالات خصوصاً مارچ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات ہمیشہ ڈائیلاگ سے ہی حل ہوتے ہیں، احتجاج کا ایسا طریقہ ہر گز اختیار نہیں کرنا چا ہیے ،جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے ،انہوں نے کہا کہ مارچ کے باعث پاکستان کا دنیا میں امیج متاثر ہوا ہے ، سیاسی اختلافات کو اس نہج تک نہ لایا جائے جس سے ملک و قوم کا وقار مجروح ہو اور پاکستان کے مخالفین کو تنقید کا موقع ملے ، انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی استحکام کیلئے افہام و تفہیم پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، سیاسی رہنماؤں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جغرافیائی صورتحال اور درپیش چیلنجزکے پیش نظربالغ نظری کا مظاہرہ کریں، وزیر اعظم پاکستان عمران خان ملک کو ایک عظیم معاشی قوت بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے ضلع مٹیاری کے علاقے نیو سعید آباد کے قریب قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔وزیراعلیٰ نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاہے کہ کرتار پور راہداری کا منصوبہ سکھ برادری کیلئے وزیراعظم عمران خان کاتاریخی تحفہ ہے اورہم پاکستان آنے والی سکھ کمیونٹی کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔