لاہور(خصوصی نمائندہ،نمائندہ خصوصی سے ) پنجاب بھر میں کرونا سے بچاؤ مہم کو مزید بہتر بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی قائم کر دی ہے ۔گزشتہ روز جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر بشارت راجہ کو اس کابینہ کمیٹی کا سربراہ اورصوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو نائب سربراہ مقررکیا گیا جبکہ دیگر ارکان میںصوبائی وزیرخزانہ،وزیر صنعت و تجارت، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، آئی جی پنجاب ،محکمہ پرائمری ہیلتھ ،اطلاعات، فنانس، سپیشلائزڈ ہیلتھ، پی اینڈ ڈی اور لوکل گورنمنٹ کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈی جی پی ڈی ایم اے شامل ہیں۔کمیٹی کرونا سے بچاؤ کیلئے وفاقی و بین الاقوامی اداروں کیساتھ رابطہ رکھے گی،کرونا کی تشخیص، آئسولیشن اور علاج کو یقینی بنانے کیلئے ہسپتالوں اور محکمہ صحت کی موثرنگرانی کریگی، ہسپتالوں کو مطلوبہ ٹیسٹنگ کٹس، ادویہ، آلات اوردیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیگی، طبی عملہ کی تربیت اور مطلوبہ جگہوں پرعملہ کی کمی کو پوراکریگی، کرونا سے بچاؤ کیلئے وسیع پیمانے پر آگاہی مہم کی نگرانی کریگی، صوبہ بھر میں غذائی اشیا کی بلاتعطل اور کنٹرول ریٹ پر فراہمی یقینی بنائیگی، حکومتی اعلانات کے مطابق شہریوں کے سماجی فاصلے اور محدود نقل و حمل پر عملدرآمد کو یقینی بنائیگی۔ روزانہ کی بنیاد پر جائزہ اجلاس کر کے رپورٹ وزیر اعلیٰ کو بھجوائے گی۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کمیٹی کو لاجسٹک اور انتظامی معاونت فراہم کرینگے وہ بطورکمیٹی سیکرٹری بھی فرائض سرانجام دینگے ۔