لاہور(جنرل رپورٹر) اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) نے جامعات، تعلیمی اداروں اور انفرادی سطح پر کام کرنے والے محققین سے کرونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کے لیے تدابیراور آئیڈیاز پر مبنی پروپوزل طلب کر لیے ہیں۔ یہ فیصلہ ایچ ای سی کی اعلٰی انتظامیہ نے ویڈیو اجلاس کے دوران کیا۔ ایچ ای سی کے زیادہ تر سٹاف کو گھروں سے کام کرنے کا کہہ دیا گیا ہے تاکہ ایچ ای سی کا تمام کام الیکٹرونک طریقے سے سرانجام دیا جاسکے ۔ایچ ای سی کو آن لان یا کوریئر کی ذریعے درخواستیں موصول ہوتی ہیں، سب اجلاسوں کا اہتمام وڈیو لنک کے ذریعے ہوتا ہے اور تمام کاغذات اور فائل الیکٹرونک طریقے سے دیکھے جاتے ہیں۔ ہر درخواست دہندہ جو ریپڈ ریسرچ اینڈ انوویشن فنڈ کے ذریعے فنڈ لے کر تحقیق کرنا چاہتا ہے اسے ترجیحی موضوعات یا تھیمز میں سے کسی ایک پر آئیڈیا پیش کرنا ہو گا۔ 3اپریل تک پروپوزلز جمع کیے جا سکتے ہیں اورفنڈنگ کا فیصلہ اپریل کے ماہ میں ہی کر لیا جائے گا۔