اسلام آباد ،ملتان ، بیجنگ، ہنوئی ( خبر نگار خصوصی ، سپیشل رپورٹر ، 92 نیوزرپورٹ ، نیوزایجنسیاں ) کرونا وائرس سے صورتحال سنگین ہو گئی ، چین میں ایک ہی دن میں مزید 249 افرادہلاک ہوگئے ۔ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 1370 ہو گئی ۔صوبہ ہوبئی میں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ناقص انتظامات پر پارٹی سیکرٹری جیا نگ چا ئو لنگ کو بر طرف کر دیا گیا ۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 15 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 60 ہزار سے تجاوز کر گئی۔5953 افراد کو علاج کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کیا جا چکا۔ووہان میں طبی سٹاف بھی کرونا وائرس کے حملوں سے نہ بچ سکا اور ہیلتھ ورکرز میں ایک ہزار سے زیادہ کیس سامنے آ چکے ہیں ۔چین کے کم سے کم 10 صوبوں میں تمام سرکاری اور غیرسرکاری سرگرمیوں پر پابندی ہے اور لوگ گھروں میں محصورہیں۔فرانس، امریکہ، برطانیہ، مصر، کینیا، روانڈا اور روس نے چین کیلئے پروازیں بند کر رکھی ہیں۔ چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت میں بنائی گئی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کے مسئلے سے نمٹنا ہو گا اور اس پر ’مستقل پابندی عائد کرنا‘ ہو گی۔ جاپان میں لنگر انداز بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسس کے مسافروں میں کرونا وائرس کے مزید 44 کیس سامنے آگئے ،متاثرین کی تعداد 218 ہو گئی۔ چیک اپ کیلئے جانیوالے طبی عملے میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔اے ایف پی کے مطابق جاپان نے کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کر دی، 82سالہ خاتون کو 13دن قبل ہسپتال داخل کیا گیا تھا۔ امریکہ کے ایک کروز شپ کو کرونا مریض کی موجودگی کے شبہ میں متعدد ممالک نے قیام کی اجازت دینے سے انکار کر دیا جس کے بعد جہاز کمبوڈیا کے ساحل پر لنگرانداز ہوا ۔ویتنام میں کرونا کی موجودگی کے شبہ میں دس ہزار کی آبادی کو احتیاطی طورپر الگ تھلگ کر دیا گیا ۔ وزارت صحت نے نصف درجن افراد میں کرونا کی تشخیص کی ہے ۔چین سے لندن آنیوالے ایک شخص میں بھی کرونا کی تصدیق ہوئی ہے ۔ برطانیہ میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 9 ہوگئی۔ بارسلو نا میں موبائل ورلڈ کانگریس کا سالانہ ایونٹ کرونا کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔نیواسلام آبادایئرپورٹ پرکرونا کی مشتبہ مریضہ سامنے آگئی۔ربیعہ طاہرہ ابوظہبی سے اسلام آبادپہنچی تھی۔دوران سکیننگ اس کے جسم کادرجہ حرارت زیادہ تھا۔ربیعہ طاہرہ کو پمزہسپتال منتقل کردیاگیا۔ملتان میں کروناکے شبہ میں تیس سالہ محمود نواز کو نشتر ہسپتال میں آئیسو لیشن وارڈ منتقل کر کے نمونے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے ۔ وزارت صحت کے مطابق کرونا کا شکار 5 میں سے چار پاکستانی طلبہ صحتیاب ہو گئے ۔ معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ٹویٹ میں کہا چین میں کرونا سے متاثر چار پاکستانی طلبہ صحتیاب ہوچکے اور انہیں ہسپتال سے ڈسچارج بھی کیا جا چکا ہے ۔