رائے ونڈ (نامہ نگار) ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت بذریعہ ویڈیو لنک آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کو انتہائی خوش آئند قرار دیاہے ۔انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے علاوہ جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، عوامی نیشنل پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ پہلے ہی کافی غلطیاں اورتاخیر ہوچکی ہے ، مزید تاخیرناقابل معافی جرم ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آج ہمیں اپنی قومی تاریخ کے عظیم ترین چیلنج کا سامنا ہے ، آج صحیح معنوں میں ہم حالت جنگ میں ہیں اور یہ تیسری عالمی جنگ ہے جس میں ایک طرف پوری دنیا ہے اور دوسری جانب انسانوں کی جان لینے والی کرونا کی عالمی وبا ہے ۔انہوں نے کہا کرونا وائرس کا مقابلہ سیلف آئسولیشن اورلاک ڈاؤن سے ہی ہوسکتا ہے ، منفی پروپیگنڈا کرنے والوں سے سختی سے نمٹنا چاہیے ۔