اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،نیٹ نیوز)بھارتی خاتون صحافی رعنا ایوب نے مودی حکومت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں سب اچھا ہے کے جھوٹ کا پردہ چاک کر کے سچ بتادیا جس پر معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارتی مسلمان خاتون صحافی رعنا ایوب نے جس دلیری سے اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دئیے ، وہ لائق تحسین ہے ۔وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ نیویارک جریدے میں شائع ہونے والامضمون بلڈ اینڈ سوئل ان نریندری مودیز انڈیا رعنا ایوب کی صلاحیتوں کا شانداراعتراف ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نڈر خاتون صحافی نے مودی کے فاشسٹ ایجنڈے اوربربریت کو بے نقاب کردیا۔ جیل میں تبدیل ہونے والی مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ، موبائل فون، لینڈ لائن اور ذرائع ابلاغ کی پابندی ہے ۔ ایسے میں ایک صحافی کا فرض نبھانا پروفیشنل ازم اورجرات کی عظیم مثال ہے ۔