اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے 27 اکتوبرکو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کے خلا ف یوم سیاہ منانے کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دفعہ بھی وفاقی دارالحکومت ، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شیڈول کے مطابق احتجاج اور ریلیاں نکالی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ کے حوالے سے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات نشر کئے جا رہے ہیں۔ وزارت خارجہ میں کشمیرسیل انتہائی متحرک انداز سے کام کر رہا ہے ۔ پاکستان میں موجود بیرونی مشنز کو مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف خصوصی بریفنگ دی جائے گی۔بیرون ملک قائم پاکستانی مشنز یوم سیا ہ کے حوالے سے خصوصی ریلیوں، جلسوں،سیمینارز،تصویری نمائشوں کا انعقاد کررہے ہیں جن میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی اور بھارتی مظالم کو دُنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزارت اُمور کشمیر و گلگت بلتستان یوم سیاہ کے حوالے سے تمام تر سرگرمیوں کی معاونت کرے گی۔ اس ضمن میں تمام وزارتوں،اداروں،صوبوں،آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایل اوسی کی دوسری جانب یکجہتی سے بھرپور پیغام پہنچایا جارہا ہے ۔ آزادکشمیر حکومت یوم سیاہ کے حوالے سے صدر آزادکشمیر اور وزیراعظم آزادکشمیر کے خصوصی پیغامات نشر کرے گی۔